سول سیکرٹریٹ لاہور کے باہر سرکاری ملازمین کے دھرنے کے شرکاءاور ڈپٹی کمشنر لاہور کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا تاحال کوئی نتیجہ سامنے نہیں آسکا۔ بتایا گیا ہے کہ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن پنجاب کے زیر اہتمام محکمہ بہبود آبادی سمیت دیگر محکموں کے سرکاری ملازمین نے سول سیکرٹریٹ چوک میں احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے جبکہ گزشتہ روز سرکاری ملازمین کے احتجاجی دھرنے کا دوسرا دن تھا۔ جس میں خواتین اور مظاہرین کی کثیر تعداد موجود ہے۔ دھرنے کے شرکاءکا مطالبہ ہے کہ مذاکرات کے لئے آنے والے ڈپٹی کمشنر لاہور جو ان کے مطالبات لے کر چیف سیکرٹری پنجاب کے پاس گئے ہیں انہیں فوری طور پر منظور کیا جائے دھرنے کے شرکاءکے مطالبات میں اے ڈی پی پاپولیشن کے 37 سو کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دیگر صوبوں کے ملازمین کی تنخواہوں کے برابر اضافہ کرنے اور وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ خصوصی الاﺅنس کی شرح کو 10 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کرنے کے مطالبات شامل ہیں۔
