اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے وفاقی کابینہ کی جانب سے ادارہ شماریات کی مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ روکے جانے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے حوالے سے ادارہ شماریات کے ہفتہ وار اعدادوشمار روکنا عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہوگا،عوام سے مہنگائی کے اعدادوشمار چھپانے سے ملک میں مہنگائی کم نہیں ہوجائے گی، چیئرمین بلاول زرداری نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے حوالے سے اعدادوشمار چھپانے کے بجائے مافیا کو نوازنے اور اپنی کرپشن کو بند کرے، آمرانہ ادوار میں بھی کبھی مہنگائی کے حوالے سے اعدادوشمار کو عوام سے چھپانے کی کوشش نہیں کی گئی،انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ادارہ شماریات کے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار اعدادوشمار کو روکنے کے فیصلے کو واپس لے۔خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے ادارہ شماریات کو ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ جاری کرنے سے روک دیا ہے۔ذرائع کے مطابق کابینہ نے ادارہ شماریات کو ماہانہ رپورٹ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
