اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فرازکا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن میں بھی ای وی ایم کا استعمال کیا جاسکتا ہے،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کیلئے 150 ارب کی باتیں درست نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہاکہ قانون واضح ہے 2023 کا الیکشن ای وی ایم کے ذریعے ہوگا، الیکشن کمیشن نے جوپیرا میٹرز دیئے اس کے مطابق مشین بنائی،90 روزمیں مشین بنالی، ایک ماہ میں 60 ہزار بنا سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ قانون بن گیا ہے عملدرآمد کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے،2017 الیکشن ایکٹ میں واضح ہے کہ ای وی ایم کا استعمال کیا جاسکتا ہے، الیکشن کمیشن ای وی ایم کے لیے ٹینڈر جاری کرے۔
شبلی فراز نے مزید کہاکہ ای وی ایم کا انٹرنیٹ سے کوئی تعلق نہیں، ای وی ایم کے ذریعے دھاندلی نہیں ہوسکے گی، ای وی ایم کیلکولیٹرکی طرح ہے،ای وی ایم میں موجود بیٹری 24 گھنٹے کام کرے گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ اپوزیشن کو منانے کے لیے پوری کوشش کی،اپوزیشن نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا، اپوزیشن نے طے کیا تھا کہ وقت ضائع کرنا ہے، پیپلزپارٹی، (ن)لیگ نے آج تک ٹیکنالوجی کے استعمال پر بات نہیں کی،بھارت نے ای وی ایم بہت پہلے استعمال کرلی تھی۔
