پاکستان نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو تیسرے ٹی20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔
تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جہاں سیریز کے پہلے دونوں میچز بھی کھیلے گئے تھے۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایک بار پھر اس کی اوپننگ جوڑی ناکام رہی اور 7 کے مجموعے پر نجم الحسین شانتو 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنا ڈیبیو کرنے والے شاہنواز دہانی نے اپنے پہلے ہی اوور میں نجم الحسین کی وکٹیں بکھیر دیں۔
شمیم حسین نے محمد نعیم کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 37 رنز تک پہنچایا لیکن اس موقع پر وہ عثمان قادر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
محمد نعیم نے اور عفیف حسین نے ٹیم کی پوزیشن بہتر کرنے کا بیڑا اٹھایا اور اسکور 80 تک پہنچا جس کے بعد عفیف حسین کی اننگز کا خاتمہ ہوا۔
اننگز کے آخری تین اوورز میں بنگلہ دیش کی 4 وکٹیں گریں جن میں محمد نعیم بھی شامل تھے جنہوں نے 47 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور عثمان قادر نے 2، 2 جبکہ شاہنواز دھانی اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنرز نے ٹیم کو 32 رنز کا آغاز فراہم کیا، بابر اعظم 25 گیندوں پر 19 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر محمد رضوان کا ساتھ دینے حیدر علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 51 رنز کی شراکت قائم کی۔
محمد رضوان نے 43 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے لیکن شاہد الاسلام نے ان کی وکٹیں بکھیر کر ٹیم کو دوسری کامیابی دلا دی۔
حیدر علی کا ساتھ دینے سرفراز احمد آئے لیکن وکٹ کیپر بلے باز پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے جس کی وجہ سے درکار رن ریٹ بڑھتا گیا۔
آخری اوور میں پاکستان کو فتح کے لیے 8 رنز درکار تھے لیکن اوور کی دوسری ہی گیند سرفراز احمد باؤنڈری پر کیچ ہو گئے۔
پاکستان کو اگلا دھچکا اس وقت لگا جب اگلی ہی گیند پر حیدر بھی چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ ہو گئے، حیدر نے 38 گیندوں پر 2 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 45رنز بنائے۔
افتخار نے آتے ہی چھکا لگایا اور پھر اگلی ہی گیند پر وہ بھی کیچ ہو گئے جس کی بدولت محموداللہ نے تیسری وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کو آخری گیند پر فتح کے لیے دو رنز درکار تھے لیکن آخری گیند سے قبل کچھ ڈرامائی لمھات بھی دیکھنے کو ملے۔ بنگلہ دیشی کپتان نے آخری گیند کرائی لیکن نواز نے گیند وکٹ پر پہنچنے سے قبل ہی وکٹ چھوڑ دی اور امپائر نے اس گیند کو ڈیڈ بال قرار دیا جبکہ اگلی گیند پر محموداللہ نے رن اپ مکمل کرنے کے بعد بھی گیند نہ پھینکی۔
تاہم یہ ڈرامات لمحات اس وقت اختتام کو پہنچے جب نواز نے آخری گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے بعد 5 وکٹوں سے فتح دلا دی۔
پاکستان نے میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔
حیدر علی کو میچ اور محمد رضوان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
🧢 @ShahnawazDahani received his T20I debut cap from @SarfarazA_54.#HarHaalMainCricket | #BANvPAK pic.twitter.com/zYNQ6dGCM9
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 22, 2021