ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

موسم سرما کی تعطیلات؛ تعلیمی ادارے 20 دسمبر سے 2 جنوری تک بند رہیں گے

کراچی: محکمہ تعلیم سندھ کی ورکنگ کمیٹی نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 20 دسمبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبے کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 2 جنوری تک جاری رہیں گی اور سندھ میں تعلیمی ادارے موسم سرما کی تعطیلات کے بعد دوبارہ 3 جنوری 2022 سے کھلیں گے تاہم چونکہ 18 اور 19دسمبر  ہفتہ اور اتوار ہے لہذا عملی طور پر اسکول و کالج 18 دسمبر سے ہی بند ہوجائیں گے اور موسم سرما کی تعطیلات 15 روز پر محیط ہونگی، اس بات کا فیصلہ سیکریٹری اسکول ایجوکیشن غلام اکبر لغاری کی زیر صدارت منعقدہ محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی ورکنگ کمیٹی کے جمعرات کی دوپہر منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری کالج ایجوکیشن خالد حیدر شاہ، محکمہ صحت کے نمائندے قاسم سومرو، کریکولم کونسل کی سربراہ ڈاکٹر فوزیہ،  ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ ڈاکٹر منسوب صدیقی، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے طارق شاہ کے علاوہ کیتھولک بورڈ کے نمائندے نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے بعد کمیٹی کے رکن نے ’’ایکسپریس ‘‘کو بتایا کہ فیصلے کی وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ سے منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ چونکہ نویں اور دسویں جماعتوں میں نئی اسکیم آف اسٹڈیز کے تحت کریکولم تبدیل اور مضامین میں اضافہ ہوچکا ہے لہٰذا تعطیلات کو طویل نہیں کیا جاسکتا۔

اجلاس میں شریک محکمہ صحت کے نمائندے نے تعلیمی اداروں میں 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن پر بھی زور دیا۔

یاد رہے کہ سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ نے تین روز قبل منعقدہ ایک تقریب میں کہا تھا کہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے فیصلہ جمعرات تک ہوجائے گا فیصلے کا اختیار اسٹیئرنگ کمیٹی کی ورکنگ کمیٹی کو دیا گیا ہے۔

 

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں