لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس میں اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ بارش کا پہلا قطرہ ہے، تہلکہ خیز رپورٹ میں تصدیق ہو گئی کہ پی ٹی آئی نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈز حاصل کیے۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے فنڈز کو کم دکھایا اور درجنوں بینک اکانٹس چھپائے،پچھلے سات سالوں سے ان تحقیقات کو رکوانے کی تگ و دو میں مصروف عمران خان کے کارنامے قوم کے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسروں پر من گھڑت الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف مستند رپورٹ چوری ، خرد برد اور مشتبہ ذرائع سے فنڈنگ کی نشاندہی کرتی ہے، اس ہیر پھیر کی تہہ تک پہنچنا اشد ضروری ہے قوم کے سامنے حقائق آنے چاہئیں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ یہ فراڈ کروڑوں سے شروع ہوا ہے اور اربوں روپے تک جائے گا تبدیلی کا اصل چہرہ سامنے آنے پر لوگوں کے ہوش اڑ جائیں گے۔
