
لاہور/اسلام آباد (نمائندہ جسارت/آن لائن) وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے ملک میں مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں ہمارا مقابلہ اپوزیشن سے نہیں بلکہ موجودہ مہنگائی سے ہے‘ ایسا نہیں ہے کہ ہمیں مہنگائی کا احساس نہیں ہے‘ عالمی منڈی کی وجہ سے مہنگائی بڑھی ہے لیکن مہنگائی سے تاجروں اور صنعتکاروں کو فائدہ ہوا‘ ہمارا مقابلہ اس اپوزیشن سے نہیں جس کا کرپٹ چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے‘ اپوزیشن رہنمائوں کے چپراسیوں اور بے نامی پاپڑ والوں اور فالودے والوں کے اکائونٹس سے 4،4 ارب روپے نکل رہے ہیں‘ ہمارے دور میں ہونے والی تحقیقات نے ماضی کے حکمران دونوں خاندانوں کی کرپشن بے نقاب کی ہے‘ امید ہے کہ جتنی تیزی سے عالمی سطح پر قیمتیں اوپر گئی ہیں اسی تیزی سے اگلے چند ماہ میں واپس نیچے بھی آئیں گی اور اپنے منصوبوں اور اقدامات کی بدولت جلد ہم مہنگائی کے چیلنج پر قابو پالیں گے‘ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاری ہے‘ ہماری پارٹی کی سینئر قیادت اس حوالے سے تنظیم سازی کر رہی ہے‘ صدارتی نظام سے متعلق بحث نئی نہیں ہے، بلکہ یہ بحث کافی برسوں سے چل رہی ہے اور آئندہ بھی چلتی رہے گی لیکن موجودہ مہم کے پیچھے ہماری حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے‘ ملک میں جو بھی نظام ہوگا وہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔وہ ہفتے کو لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہم سے زیادہ غربت ہے‘ وہاں تیل کی قیمت بھی ہم سے ڈبل ہے‘ بنگلا دیش میں بھی بہت مہنگائی ہے، سری لنکا ڈیفالٹ کے قریب آگیا ہے‘ دیوالیہ ہوگیا ہے، کیا یہ ممالک ہمارے ملک کی انکم لیول کے ملک نہیں ہیں؟۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ ہمارے ہاں گیس کی قیمت2019ء سے نہیں بڑھی۔اپنے ایک بیان وفاقی وزیرتوانائی نے کہا ہے کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں چارجز پر لوگوں کو تشویش ہے ، بجلی اور گیس کے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں۔