راولپنڈی میں اسٹیج اداکار نوید حسین کے قتل میں ملوث ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے سیروز سینیما میں اسٹیج اداکار نوید حسین کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ جس پر سی پی او عمر سعید نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پوٹھوہار کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
ایس پی پوٹھوہار کی ہدایت پر کینٹ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم افتخار شہزاد کو گرفتار کیا۔ مقدعی مقدمہ نے مؤقف اختیار کیا کہ نوید حسین کی عمران وینس کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد افتخار شہزاد نے اداکار کو قتل کیا۔
ایس پی پوٹھوہار نے کہا کہ موقع سے شواہد اکھٹے کر کے واقعے کی تمام زوایوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں، واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی ٹریس کر کے گرفتار کیا جائے گا۔