وفاقی کابینہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مقدمات جلد نمٹانے کے لئے الگ قانونی نظام بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ بات وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلے سے صحافیوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ یہ قوانین وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بیرون ملک پاکستانیوں کو سہولیات مہیا کرنے کے ویژن کے تناظر میں بنائے گئے ہیں جو پاکستان کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں.
انہوں نے کہا کہ ایسا ہی نظام خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بھی لاگو کیاجائے گا جہاں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کابینہ نے ایسے سٹے آرڈز پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے جن کی وجہ سے فیڈر ل بورڈ آف ریونیو30 کھرب سے زائد کے محصولات جمع کرنے سے قاصر ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت قانون کو کہا گیا ہے کہ وہ یہ معاملہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے چیف جسٹس کے سامنے اٹھائیں انہوں نے کہا کہ کابینہ کو امید ہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اس معاملے پر سنجیدہ قانونی نقطہ نظر پیش کریں گے۔