لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا دبئی کا کامیاب دورہ، عثمان بزدار کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں سے دھابی گروپ پنجاب میں 60 ارب روپے کی سرمایہ کاری پر آمادہ ہوگیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے دبئی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ النہیان بن مبارک النہیان سے ملاقات کی،شیخ النہیان نے وزیراعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیا۔ شیخ النہیان بن مبارک النہیان نے پنجاب میں تعمیراتی شعبے میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ اس ضمن میں دبئی میں پنجاب حکومت اور دھابی گروپ کے درمیان معاہدہ طے پا گیا اور ایک تقریب کے دوران مبارک سینٹر کی تعمیر کی بحالی کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ دھابی گروپ تعاون (Taavun) پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے لاہور میں مبارک سینٹر تعمیر کرے گا۔پنجاب حکومت مبارک سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں تعمیراتی شعبے میں 60 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری ہو گی ، منصوبے کی تکمیل سے بین الاقوامی کرکٹ ٹیمز کے لیے رہائش فراہم ہو سکے گی، دھابی گروپ اور حکومت پنجاب لاہور کی بلند ترین عمارت بنانے جارہے ہیں،دھابی گروپ کے سربراہ اورمتعلقہ حکام کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ دھابی گروپ اس تاریخی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنی تمام تر پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائے گا۔60ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والامبارک سینٹرحقیقی معنوں میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب نے سرمایہ کاری کے لیے ساز گار ماحول فراہم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئے اسپیشل اکنامک زون بن رہے ہیں۔ دریائے راوی کے کنارے بسنے والا نیا پروجیکٹ گیم چنیجر بھی اور لاہور میں نئے دورکا آغاز بھی ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہورسمیت پنجاب پائیدار ترقی کے نئے دور میں داخل ہوچکا ہے۔ سرمایہ کاروں اور خاص طورپر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے وزیراعلیٰ سہولت مرکز قائم کیاگیا ہے۔ علاوہ ازیں سماجی انصاف کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دین اسلام سماجی انصاف، مساوات و پرامن بقائے باہمی کی تلقین کرتا ہے۔پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ نے انسانیت کے ساتھ ہر لحاظ سے انصاف کرنے کا لافا نی پیغام دیا ہے۔ سماجی انصاف کے بغیر فلاحی معاشرے کی تشکیل کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف سے عاری معاشرے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔