کراچی (اسٹاف ر پورٹر) وزیر بلدیات، دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول کے وژن کے مطابق صوبے میں ترقی اور خوبصورت ماحول کے منصوبوں پر کام جاری ہے، ضلع کورنگی میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے ہیں اور مزید اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے، سیف سٹی منصوبے میں تاخیر کی وجوہات ہیں لیکن اب سیف سٹی منصوبے کے تحت 10 ہزار کیمروں کی تنصیب کا کام جلد شروع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی نمبر 5 میں فلاور شو کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہر عمر کے شہریوں کیلیے صحت مند ماحول کی فراہمی کیلیے کوشاں ہے، اسٹریٹ کرائم کے خلاف سندھ پولیس کو منظم حکمت عملی کے تحت کارروائیوں کی ہدایات دی گئی ہیں، وفاقی وزراء سندھ میں اسٹریٹ کرائم پر بڑا شور مچاتے ہیں حالانکہ کرائم ڈیٹا کا ریکارڈ گواہ ہے کہ لاہور میں جرائم کی وارداتوں کی شرح کراچی سے زیادہ ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں قبرستانوں کی کمی اور اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے شہر خموشاں اتھارٹی بنارہے ہیں۔