شکارپور (نمائندہ جسارت) شکارپور یونین آف جرنلسٹس کا مطالبات کے حق میں احتجاج، پریس کلب کے سامنے مظاہرہ۔تفصیلات کے مطابق پی ایف یو جے کی اپیل پر شکارپور یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے کراچی میں صحافی اطہر متین کے قتل، سینئر صحافی محسن بیگ کی گرفتاری، نیوز ون ٹی وی چینل کی بندش، اینکر پرسن اقرار الحسن پر تشدد کیخلاف صدر آغا اسرار پٹھان کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرے میں صحافی ایاز منگی، طارق مہر، افتخار آرائیں، فیاض سومرو, چاچا نادر بلوچ ، امجد حسین آرائیں ، ابراہیم بروہی، عمران آرائیں، عارف قریشی ، عمران قریشی، میر خمیسانی اور غلام قادرو دیگر شریک تھے۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز آویزاں تھے جن پر نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے صحافی اطہر متین کے قتل، صحافی محسن بیگ کی گرفتاری، نیوز ون ٹی وی چینل کی بندش، اینکر پرسن اقرار الحسن پر تشدد کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے شکارپور یونین آف جرنلسٹس کے صدر آغا اسرار پھٹان، شکارپور پریس کلب کے صدر سوڈھو جیمس، سینئر صحافی رحمت اللہ سومرو نے کہا کہ کراچی میں صحافی اطہر متین کا قتل قابل مذمت ہے، صحافی اطہر متین کا قتل پوری صحافی برادری کے لیے تشویش ناک امر ہے، اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد صحافیوں کو خوفزدہ کرنا ہے، اس طرح کی کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں ہوںگے، صحافی عوام کی آواز ہیں اس آواز کو دبانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، سندھ حکومت صحافی اطہر متین کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادے، سینئر صحافی محسن بیگ کی گرفتاری صحافیوں کو ڈرانے کے مترادف ہیں، سینئر صحافی محسن بیگ کو فوری آزاد کرکے صحافیوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ نیوز ون کے اوپر پابندی لگا کر آزادی صحافت پر حملہ کیا گیا ہے، نیوز ون پر پابندی ہٹائی جائے، کیبل آپریٹر کے اوپر سے پریشر کو ختم کیا جائے، اینکر پرسن اقرار الحسن پر تشدد انتہائی ظالمانہ، اس عمل کو صحافی کسی صورت قبول نہیں کریں گے، اینکر پرسن اقرار الحسن پر تشدد میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے۔