اسلام آباد (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں عوامی مارچ کا آغاز کراچی میں مزار قائد سے اتوار 27 فروری کو صبح 10 بجے سے ہوگا، نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے عوامی مارچ کی تفصیلات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے عوامی مارچ کا مقصد مہنگائی، بے روزگاری، بدحالی اور ملک کی معاشی تباہی کی وجہ بننے والے عمران خان سے چھٹکارا دلانا ہے، یہ مارچ پیٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہے ،عوام اپوزیشن پارٹیزسے مطالبہ کر رہے کہ وہ اس نااہل حکومت سے ان کو چھٹکارا دلائیں نیا پاکستان بنانے والوں نے مہنگا پاکستان بنا دیا ہے جس میں غریب کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ تقریباً ملک کے 23 اضلاع اور 35 شہروں سے گزرے گا، پاکستان پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ براستہ ٹھٹھہ اور سجاول سے ہوتا ہوا بدین پہنچے گا جہاں پہلے دن کا اختتام ہوگا، عوامی مارچ اپنے دوسرے دن 28 فروری پیر کو حیدرآباد، ہالا، نواب شاہ سے ہوتا ہوا مورو پر ختم ہوگا،بلاول زرداری کی سربراہی میں یکم مارچ منگل کو عوامی مارچ مورو سے خیرپور شہر پہنچے گا جہاں سکھر میں تیسرے دن کا اختتام ہوگا، 2 مارچ بدھ کو لانگ مارچ کا آغاز سکھر سے ہوگا جہاں سے وہ براستہ گھوٹکی رحیم یار خان پہنچے گا،3 مارچ جمعرات کو عوامی مارچ رحیم یار خان سے شروع ہوگا، مارچ بہاول پور، لودھراں سے ہوتا ہوا ملتان میں ہونے والے بڑے عوامی اجتماع پر ختم ہوگا، 4 مارچ جمعہ ملتان سے لانگ مارچ براستہ خانیوال، چیچہ وطنی سے ہوتا ہوا ساہیوال پہنچے گا،عوامی مارچ اتوار 5 مارچ ہفتے کو ساہیوال سے اوکاڑہ اور پتوکی سے ہوتے ہوئے لاہور میں داخل ہوجائے گا، چیئرمین بلاول زرداری دوپہر ایک بجے 6مارچ اتوار کو ناصر باغ لاہور میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کریں گے،بلاول لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے لاہور کے ناصر باغ سے شیرانوالہ باغ گوجرانوالہ پہنچیں گے جہاں عوامی اجتماع سے خطاب ہوگا،لانگ مارچ 6مارچ کو وزیرآباد میں اپنے دن کا اختتام کرے گا،7 مارچ پیر کو عوامی مارچ کا قافلہ وزیر آباد سے لالہ موسیٰ جائے گا، مارچ جہلم اور گوجر خان ہوتا ہوا راولپنڈی لیاقت باغ پر اپنے دن کا اختتام کرے گا، 8 مارچ پیر کو لانگ مارچ کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا اور عوامی قافلہ مختلف گزرگاہوں سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچے گا۔