لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ( ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پارلیمانی روایات کو پامال نہیں ہونے دیں گے، عوام نے حکومت کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اورا سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں سینیٹر نصیب اللہ خان بازئی، سینیٹر محمدعبدالقادر، سینیٹر پرنس احمد عمر احمد زئی، سینیٹر احمد خان، سینیٹر دلاور خان، سینیٹر کہدہ بابر، صوبائی وزیر نور محمد شامل تھے جبکہ سینیٹر کامل علی آغا اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ عوام نے حکومت کو5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے، پارلیمانی روایات کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔ مشاورت کا عمل اور ملاقاتیں سیاسی عمل کا حصہ ہیں، فیصلہ سوچ سمجھ کر پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد ہو گا، ہر جمہوری حکومت کا حق ہے اسے عوامی خدمت کے لیے دیا گیا عرصہ مکمل کرنے دیا جائے، الیکشن مقررہ وقت پر ہی اچھے لگتے ہیں۔چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، ان کی حالات پر گہری نظر ہے، امید ہے موجودہ حالات میں کوئی راستہ نکال لیں گے۔