
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ جب تک اختیارات یوسی کی سطح پر نہیں لائے جائیں گے اس وقت تک تبدیلی نہیں آئے گی۔ ہم نے چند ہزار افراد کا دھرنا دے کر 80فیصد کامیابی حاصل کی۔ اگر ہماری بات نہیں مانی گئی تو ہم نے احتجاج موخر کیا ہے پھر لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔حیدرآباد میں پکاقلعہ پر ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے مہاجروں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، ایم کیوایم پیپلزپارٹی کیخلاف جدوجہد کا ماحول بناتی رہی اور سب کو یہ کہتی رہی کہ پیپلزپارٹی ہماری دشمن ہے وہ ہماری سرکاری نوکری نہیں دیتی اس نے ہمارا استحصال کیا ہے لیکن جب 2008ء کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تو اسی پیپلزپارٹی سے معاہدہ کیا، جینے مرنے کی قسمیں کھائیں، انہوں نے کہاکہ 80فیصد بلدیاتی اختیارات 2012ء میں اسی ایم کیوایم کے کنوینر فاروق ستار نے گورنر ہاؤس میں دستخط کرکے قائم علی شاہ کو دیے آج یہ عوام کو بیوقوف بناتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے اپنے مفادات کیلیے سندھ میں ہڑتالیں کروائیں، احتجاج کیے ،کنوینر عمران فاروق کو لندن میں قتل پارٹی چیئرمین عظیم طارق کو قتل کرکے الزامات دوسروں پر لگائے، انہوں نے کہاکہ آج جو مہاجروں کے دعویدار بنتے ہیں وہ نہیں چاہتے کہ حالات درست ہوں۔