وارسا/ اسلام آباد/ نوشہروفیروز (صباح نیوز) روس اور یوکرین میں جاری جنگ کے باعث پاکستان کی درخواست پر پولینڈ نے پاکستانیوں کے لیے 8 بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھول دیے۔ پاکستانی سفارتخانے یوکرین میں محصور پاکستانی طلبہ کو نکالنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ پاکستانی سفارت خانے کی مدد سے35 طلبہ پولینڈ پہنچنے میں کامیاب ہوگئے‘ طلبہ پولینڈ میں سرحد کے قریب قائم کیمپ میں پہنچ گئے۔خرکیف میں سفارت خانے میں موجود طلبہ کو ٹرین کے ذریعے پولینڈ بھیجا گیا ہے۔ خرکیف میں موجود مزید 65 پاکستانیوں کو آج (اتوار کو) پولینڈ بھیجا جائے گا۔ دوسری جانب قومی ائر لائن کے سی ای او ارشد ملک اور یوکرین میں پاکستانی سفیر کے درمیان رابطہ ہوا جس میں یوکرین میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی محفوظ مقام پر منتقلی اور وطن واپسی سے متعلق گفتگو کی گئی۔ محصورین کو پی آئی اے کی2 پروازیں آج (اتوار کو ) پولینڈ کے دارالحکومت وارسا روانہ ہوں گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی سفارتخانہ یوکرین نے 35 پاکستانی طلبہ کو پولینڈ منتقل کردیا۔ طلبہ کی آمد کے بعد سے پولینڈ میں پاکستان کا سفارتخانہ طلبہ کو اب پولینڈ کے دارالحکومت وارسا پہنچانے کے انتظامات کر رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد کا کہنا ہے کہ یوکرین کے علاقے خارکیف سے مزید پاکستانی طلبہ بذریعہ ٹرین پولینڈ کی سرحد پر پہنچیں گے۔ نوشہروفیروز کے علاقے بھریا سے تعلق رکھنے والے یوکرین میں پھنسے طالب علم ثاقب حسین کیریو کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں انہوں نے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل ہے۔