کراچی پولیس کو ہر قسم کے وسائل دیئےگئے ہیں اب مجھےیہ شہر اسٹریٹ کرائم سے پاک چاہیے۔ جو پولیس افسر کام نا کرے اسے فارغ کریں۔ مجھے نتیجہ چاہیے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا امن و امان سے متعلق اجلاس میں دو ٹوک پیغام کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ ساڑھے سات ہزار اسٹریٹ کرمنلز بار بار جرائم کرتے ہیں۔ یہ افراد مفرور یا پھر ضمانت پر ہیں۔ وزیراعلی کے پوچھنے پر مشیر قانون نے بتایا کہ ان کرمنلز کی ای ٹریکنگ کے حوالے سے قانون تیار ہے۔ اس میں ضروری درستگی کی جارہی ہے۔ وزیراعلی نے آئندہ کابینہ اجلاس میں قانون کا مسودہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلی نے نشے کے عادی افراد کو بحالی مرکزمنتقل کرنے کی ہدایت کردی وزیراعلی نے آئی جی پولیس اور مشیر قانون سے کہا کہ ہائی پروفائل کیسز کی پیروی کے لئے اچھے وکلا کا پینل بنایا جائے۔ یہ پینل ہائی پروفائل کیسز کے ملزمان اور عادی اسٹریٹ کرمنلز کی ضمانت منسوخی کو یقینی بنائیں۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ شہر میں گزشتہ 2 ماہ میں اسٹریٹ کرمنلز کے ساتھ 143 مقابلے ہوئے۔ ان میں 15 اسٹریٹ کرمنلز ہلاک اور 147 زخمی ہوئے۔ 1446 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار ہوئے۔ وزیراعلی نے پولیس کا گشت مزید بڑھانے کے ساتھ گشت اور دیگر کارروئیوں کی یومیہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔