اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حقوق نسواں کا پر جوش حامی ہوں لیکن عورت مارچ میں حقوق کے نام پر خواتین کی تذلیل ہوتی ہے،بیوی کو خاوند اور بیٹیوں کو والدین کے خلاف بغاوت پر اکسایا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں حقوق نسواں تنظیم دخترانِ پاکستان کے وفد سے ملاقات میں انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم کو لکھا گیا خط پاکستان کے متعدد معاشرتی حلقوں کی ترجمانی کرتا ہے، مغربی معاشرہ ہمارے خاندانی نظام اور خواتین کو تحفظ اور عزت دینے سے قاصر ہے۔پیر نور الحق قادری نے کہا کہ عالمی یوم نسواں پر خواتین کو تعلیم و روزگار کے مواقع، انسداد ہراسیت اور وراثتی حقوق کو اجاگر کیا جائے ۔علاوہ ازیں دخترانِ پاکستان کے وفد نے کہا کہ پاکستان میں مغربی ایجنڈا کے تحت عالمی یوم نسواں کو کچھ برس سے عورت مارچ میں تبدیل کر دیا گیا ہے، ہمارا مذہب اور آئین پاکستان خواتین کو جائز حقوق کی فراہمی کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عورت مارچ میں لگنے والے نعرے پاکستان کے خاندانی نظام سے مطابقت نہیں رکھتے ۔