حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حسین آباد تھانے کی حدود لطیف اباد یونٹ نمبر 2 میں جمیل نامی شخص نے پیٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگالی ،موقع پر موجود افراد نے آگ بجھائی۔جمیل کو شدید جھلسی ہوئی حالت میں بھٹائی سول اسپتال بعدازاں تشویشناک حالت میں کراچی منتقل
کردیا گیا۔مضروب کا 70 فیصد جسم جھلس گیا ہے ۔دریں اثناء مکی شاہ پولیس کی کامیاب کارروائی میں موٹر سائیکل چور گینگ کے کارندے سمیت 2 ملزمان گرفتار، 3 مسروقہ موٹر سائیکلیں اور مین پوری برآمد۔ تھانہ مکی شاہ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ موٹر سائیکل چور گینگ کے کارندے مختلف وارداتوں میں چوری شدہ موٹر سائیکلوں کو کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کیلیے لیکر جارہے ہیں، جس پر مکی شاہ پولیس نے بروقت چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمران شیخ کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ابتدائی تفتیش کے نتیجے میں گرفتار ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ یہ موٹر سائیکلیں دوسری جگہ فروخت کرنے کیلیے لیکر جارہے تھے ۔گرفتار و مفرور ملزمان کے قبضے سے برآمد 3 عدد موٹر سائیکلوں کو پولیس تحویل میں لے لیا گیا۔ایس ایچ او سب انسپکٹر قربان علی عاقلانی نے اپنے اسٹاف کے ساتھ مزید کارروائی کرتے ہوئے مکی شاہ درگاہ کے قریب سے 2 مضر صحت مین پوری فروشوں ریاض علی اور روی کو گرفتار کرلیاہے۔ حالی روڈ پولیس نے بدنام زمانہ منشیات فروش و ڈکیت اقبال شاہ کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ اوحالی روڈ سب انسپکٹر عبدالمالک ابڑو کی اپنے اسٹاف کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش اقبال شاہ کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم تھانہ حالی روڈ کے مقدمہ کرائم نمبر 13/2022 زیر دفعہ 109,324,504,34 تعزیرات پاکستان میں روپوش تھا ۔4فروری کو گرفتار ملزم ڈکیتی کی واردات کے دوران دو شہریوں کو فائرنگ کرکے زخمی بھی کرچکا ہے ،گرفتار ملزم کے خلاف حیدرآباد کے مختلف تھانہ جات میں ڈکیتی، منشیات، اقدام قتل و دیگر جرائم کے 5 مقدمات درج ہیں ۔