راولپنڈی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز آسٹریلیا نے 449 رنز 7 وکٹوں پر بقیہ اننگز کا آغاز کیا تاہم مہمان ٹیم محض 10 رنز کا اضافہ کرکے 459 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ 97 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے اسپنر نعمان علی نے سب سے زیادہ 6وکٹیں حاصل کیں۔ شاھین شاہ آفریدی نے دو جبکہ ساجد خان اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق سنچریاں بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان نے دوسری اننگز میں بغیر نقصان 252 رنز بنائے۔ عبدللہ شفیق 136 اور امام الحق 111 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ امام الحق نے پہلی اننگز میں 157 رنز بنائے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز 476 رنز پر ڈکلیئر کردی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 12 مارچ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔