کراچی (اسٹاف رپورٹر)’’اسپورٹس ونگ‘‘ کے زیر اہتمام فری بیگینرز آرچری ورک شاپ کا انعقاد اسپورٹس ونگ فٹبال گرائونڈ پر کیا گیا جس میں 150سے زائد مرد وخواتین اور جونیئرز تیر اندازوں نے شرکت کی ۔کیمپ کے دوران ہی اسپورٹس ونگ آرچری کلب کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا ،اسپورٹس ونگ فٹبال گرائونڈ عقب ڈولمن مال پر منعقدہ تربیتی کیمپ کے شرکا کو ایشیا سند یافتہ آرچری کوچ حسان عبداللہ نے تیر اندازی کی تاریخ ،تیر اندازی کے بارے میں بنیادی معلومات ،تیر اندازی کے فوائد،تیر اندزی سے متعلق جسمانی ورزشیں اور فزیکل ایکٹویٹی پر سیر حاصل لیکچر دئیے جبکہ کوچ راشد مشہود نے کھلاڑیوں کو تیر اندازی کی تربیت فراہم کی ۔اس موقع پر حسان عبداللہ کا کہنا تھا کہ اس کیمپ کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہونگے مجھے یقین ہے کہ اس نئے کلب کے قیام سے اس علاقے کے بچوں میں بھی تیر اندازی کا شوق پروان چڑھے گا ۔