صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کارپوریٹ سیکٹر پر زوردیا ہے کہ وہ اخلاقیات اور ہمدردی پر مبنی کاروباری رویہ اپنائیں۔
بدھ کے روز اسلام آباد میں اخلاقیات اور کاروبار دوست یا دشمن کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حقیقی خوشی دولت جمع کرنے میں نہیں بلکہ احساس میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنی نوع انسان فطری طورپر انصاف اور نا انصافی کے درمیان امتیاز کرسکتا ہے۔ صدر نے معاشرے کے اخلاقی معیارات بہتر بنانے کیلئے شفافیت اور احتساب کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
بعد میں اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے مستحکم اور خوشحال پاکستان یقینی بنانے کیلئے ملک میں آبادی میں اضافے پر قابوپانے کیلئے خاندانی منصوبہ بندی کے جدید طریقے بروئے کار لانے پر زوردیا ۔انہوں نے خاندانی منصوبہ بندی کی مہموں کو موثر بنانے کیلئے خواتین کو مالی طورپر مضبوط بنانے پر زوردیا۔صدر نے بچوں کو کمزور نشوونما سے بچانے کیلئے غذائی ضروریات میں ان کی دیکھ بھال پربھی زوردیا۔