کراچی (اسٹاف رپورٹر )آسٹریلوی صحافی میلنڈا فیرل نے کہا ہے کہ پاکستانی کپتان بابر اعظم کی مداح ہوں، بابراعظم اور عبداللہ شفیق نے غیر معمولی کھیل پیش کرکے آسٹریلیا کے ہاتھوں سے میچ چھینا، آسٹریلیا اور پاکستان دونوں نے معیاری کرکٹ کھیلی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ٹیسٹ میں بابر کی شاندار کارکردگی کے بعد اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ میلنڈا فیرل نے کہا کہ میں ایک آسٹریلوی صحافی ہوں لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ میں آسٹریلیا کی حمایت کروں گی، میں اچھی کرکٹ کو سپورٹ کرنے کی قائل ہوں۔انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے مجھے کراچی میں بہترین کھیل دیکھنے کو ملا۔میلنڈا فیرل نے بابر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بابر کو دیکھنے میں بہت مزہ آیا، خاص طور پر ان کے ہوم گرائونڈ پر میں عبداللہ شفیق سے بھی کافی متاثر ہوئی جس طرح اس نوجوان کھلاڑی نے دبائو برداشت کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ان دونوں بیٹرز نے غیر معمولی تبدیلی کے ساتھ اچھا کھیل کھیلا اور آہستہ آہستہ آسٹریلیا کے ہاتھوں سے میچ چھینا۔