کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی محمد رضوان نے کہا ہے کہ نعمان کا زیرو میرے 100کے برابر اہم تھا، آخری 18گیندیں ہمارے لیے بہت اہم تھیں، مشکل وقت میں میرا فوکس سنچری بنانا نہیں وکٹ پر کھڑے جمے رہنے پر تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آخری اوور تک کینگروز کے سامنے ڈٹے رہنے والے محمد رضوان کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کراچی ٹیسٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیت میں کردار زیرو کا ہو یا 100کا ایک ہی اہمیت رکھتا ہے، نعمان نے بھرپور ساتھ دیا۔ آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جلدی آئوٹ ہو گیا تھا کیونکہ گیند بہت سوئنگ ہو رہا تھا اور آسٹریلوی بولرز بھی ردھم میں تھے۔ محمد رضوان نے بتایا کہ کراچی ٹیسٹ کی تیاری ٹیپ بال سے کی، افتخار سے کہا کہ پیٹ کمنز جو اینگل کرتا ہے وہ کرو، آسٹریلیا کے خلاف مشکلات کا شکار تھے تو ٹیپ بال سے پریکٹس کی اور نیٹ پریکٹس وکٹس پر نشانات کو پریکٹس کے لیے فوکس کیا۔