ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

چور اور ڈاکو مفادات کیلیے شیرو شکر ہورہے ہیں ، امیر العظیم

لاہور: سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم منصورہ میں تحقیقی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطا ب کررہے ہیں، مولانا عبدالمالک ، حافظ محمد ادریس، حافظ ساجد انور بھی موجود ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کو چور، ڈاکو کہنے والے سیاست دان مفادا ت کے لیے شیروشکر ہو رہے ہیں۔ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی اقتدار کے لیے سب کو گلے لگانے کے لیے تیار ہیں۔ مدینے کی ریاست کا نام لے کر قوم کو دھوکا دیا گیا۔ حکومت اور اپوزیشن اپنے بارے میں سچ بتانے کے بجائے ایک دوسرے کے بارے میں سچ بولنے کے ہیضے میں مبتلا ہو گئی ہیں۔ وزیراعظم جان لیں کہ جب نظریاتی جدوجہد کے بجائے بیساکھیوں کا سہارا لیا جائے گا تو کشتی اسی طرح بیچ منجدھار ڈوب جاتی ہے۔ قوم اسٹیٹس کو اور استعمار کے وفاداروں کا ساتھ مت دے، عوام نے 74برس سے ان پر اندھا اعتمادکیا، نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ جماعت اسلامی مفادات کی سیاست میں الجھنے کے بجائے ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ قوم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروںکا ساتھ دینے کے بجائے جماعت اسلامی کے ہمقدم بنے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ’’اسلامی ریاست کے خدوخال‘‘ کے موضوع پر تحقیقی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ادارہ معارف اسلامی اور جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان نے منصورہ میں 10روزہ تحقیقی تربیت گاہ کا اہتمام کیا تھا۔ شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس، ڈائریکٹر ادارہ معارف اسلامی حافظ ساجد انور اور منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان مولانا شمشیر علی شاہد بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد فرد اور معاشرہ کی اصلاح کے لیے ہے۔ جماعت اسلامی کے لٹریچر میں اسلامی ریاست کے مکمل خدوخال کی وضاحت موجود ہے۔ جو کوئی شخص بھی اس لٹریچر کا مطالعہ کر لے گا، وہ انسان کے اس دنیا میں آنے کے مقصد اور معاشرے کی تشکیل میں انسانی کردار کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ ہو جائے گا۔ انھوںنے کہا کہ اسلامی ریاست اللہ عزوجل کے اقتدار اعلیٰ کے تحت کام کرے گی۔ حکمران کی حیثیت اللہ تعالیٰ کے نمائندے کی ہو گی جو مکمل مشاورت سے کاروبار حکومت چلائے گا اور عوام کو اپنے ہر قول و فعل کا جواب دہ ہو گا۔ اسلامی ریاست میں شہریوں کو تعلیم، صحت، چھت اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور حکومت جمہوری اصولوں کے تحت معرضِ وجود میں آئے گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں