کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمہ کھیل و امور نوجوانان سندھ کے تحت سندھ سپرلیگ فٹبال پیپلز فٹبال اسٹیڈیم لیاری میں شروع ہوگی جس میں لیگ کی بنیاد پر 10 ٹیمیں گروپ A اور B میں مد مقابل ہیں۔ افتتاحی میچ ملیر بازیگر اور لیاری فائٹرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جوکہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے فٹبال کو کک لگا کر ایونٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سپر لیگ کامیاب ایونٹ ثابت ہوگا۔ سندھ حکومت فٹبال سمیت کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔ تھر جیب ریلی سمیت تواتر کے ساتھ اسپورٹس ایونٹس کے انعقاد اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ نے کہا کہ فٹبال کو انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ پر لانا ترجیحات میں شامل ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر کراچی میں 10 سے 15 نئے اسٹیڈیم بنارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ گرائونڈز کا اسٹرکچر بہتر بنانے کیلیے جامعہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ سینیٹر یوسف بلوچ نے کہا کہ فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال پر پابندی کے باعث قومی ٹیم انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت سے محروم ہے۔ سندھ حکومت نے سپر لیگ کے ذریعے فٹبال کے فروغ کیلیے ایک اچھا اقدام اٹھایا ہے۔ انٹرنیشنل فٹبالر اور کنوینئر سندھ سپر لیگ کلیم اللہ نے کہا کہ فٹبال کی ترقی کیلیے ایک مربوط پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلیے مزید فٹبال ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔