
کنگسٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) جمیکا کے وزیر اعظم اینڈریو ہولنیس نے کہا ہے کہ ان کا ملک برطانوی بادشاہت سے آزادی چاہتا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمیکا کے وزیراعظم نے یہ بات برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ کے جمیکا کے دورے کے موقع پر کہی۔ ہولنیس کا کہنا تھا کہ 60 برسوں میں جمیکا میں سیاسی استحکام آچکا ہے اور وہ اب مکمل سیاسی خود مختاری چاہتا ہے۔ کیریبین ریاست جمیکا اس سال اگست میں برطانیہ کی نوآبادیاتی حکمرانی سے اپنی آزادی کی 60 ویں سالگرہ منا رہی ہے۔ یاد رہے کہ چند ماہ قبل خطے میں ایک اور سابقہ نوآبادی ریاست بارباڈوس نے برطانوی بادشاہت سے مکمل علاحدگی کے بعد خود کو جمہوریہ قرار دے دیا تھا۔ ادھر برطانوی شہزادے ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بن گئی ہیں۔ جمیکا کے دارالحکومت کنگسٹن کے دورے کے دوران سیاہ فام خاتون نے ان سے ہاتھ ملانے کی کوشش کی،تاہم وہ پیچھے ہٹ گئیں۔ سوشل میڈیا پر واقعے کی وڈیو وائرل ہوگئی ،جس میں اْنہیں تقریب کے دوران سیاہ فام خاتون سے ہاتھ ملانے سے کتراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب برطانوی شاہی جوڑے کی آمد پر شہریوں نے احتجاج کیا۔