لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈراپ اِن پچز کے لیے آسٹریلوی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرلیں۔ترجمان پی سی بی کے مطابق آسٹریلوی کنسلٹنٹ اپریل میں پاکستان آئیں گے اور مختلف وینیوز کا جائزہ لیں گے۔ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا سے پچزکی تیاری کے لیے مٹی بھی درآمد کرنے کا معاہدہ کیا ہے،آسٹریلویم ماہرین ڈراپ اِن پچز سے متعلق تجاویز اور سفارشات دیں گے،ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں ڈراپ اِن پچز بچھانیکا فیصلہ ہوگا۔ خیال رہے کہ پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجا نے 2 ڈراپ اِن پچز منگوانے کا اعلان کیا تھا، اس سلسلے میں ایک کمپنی کے ساتھ 37 کروڑ روپے کامعاہدہ بھی ہوا تھا۔عام طور پر کرکٹ گرائونڈ میں ہی پچ تیار کی جاتی ہے لیکن ڈراپ اِن پِچز میں ایسا نہیں ہے، دراصل ڈراپ اِن پچز ایسی پچز ہیں جنہیں کھیلے جانے والے میچ کے اصلی مقام سے دور تیار کیا جاتا ہے اور بعد میں میچ کے وقت اس مقام پر منتقل کردیا جاتا ہے۔ڈراپ اِن پچ کو گرائونڈ سے باہر ایک لوہے کے سانچے کے اندر تیار کیا جاتا ہے جس میں نیچے پہلے مٹی اور اوپر گھاس کی تہہ لگائی جاتی ہے ،ان دونوں تہوں کو کافی عرصے تک اسی لوہے کے سانچے میں رکھا جاتا ہے جب تک کہ پچ مکمل تیار نہیں ہوجاتی۔جب یہ پچ میچ کے مطابق تیار ہوجاتی ہے تو انہیں مشین (کرین)کی مدد سے لوہے کے سانچے سمیت گرائونڈ میں لایا جاتا ہے اور پچ کی جگہ منتقل کیا جاتا ہے۔
