اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے خبردارکیا ہے کہ پیرکوعدم اعتماد پرکارروائی نہ ہوئی توپھرکوئی ہم سے نہ پوچھے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا کہ اسد قیصر نے اسپیکر قومی اسمبلی کے بجائے پی ٹی آئی کے ورکر کا کردار ادا کیا، پوری قوم کی نظر پارلیمان کی طرف لگی ہوئی ہے اپنی من مانی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔اسپیکر نے 14 روز میں اجلاس نہ بلا کرآئین کی خلاف ورزی کی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے وارننگ دی کہ پیر کو پیر کوعدم اعتماد پر کارروائی نہ ہوئی تو ہم سے کوئی نہ پوچھے، پھر دمادم مست قلندر ہوگا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خبردار کرتا ہوں اگر انہوں نے غلام بننے کی کوشش کی تو ہم احتجاج کے لئے آئینی و قانونی راستہ اختیار کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام لیڈر ان مل کر پیر کے دن کی حکمت عملی بنائیں گے، انہیں اسی میں خوش ہونے دیں بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی، حکمت عملی تھی کہ اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر کیخلاف عدم اعتماد لائی جائے یا نہیں، یہ اختیار ابھی تک ہم نے اپنے ہاتھ میں رکھا ہوا ہے۔
