ڈیر ہ اسماعیل خان: عمران کی وجہ سے ملک کی کشتی ڈوب رہی ہے اگر اب بھی سلیکٹڈ کو اتارا نہ گیا تو ہم معافی کے قابل نہیں ہیں،عدم اعتماد کی تحریک عوام کی کامیابی کی تحریک ہے، سلیکٹیڈ وزیر اعظم خود کو بچانے کیلئے سپیکر کو قربانی کا بکرا بنا رہا ہے، مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں پی ڈی ایم کا مہنگائی مکاﺅ مارچ حکومتی تابوت میں آخری کیل ہے۔
ان خیالات کا اظہارخیبر پختونخوا اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام کے پارلیمانی لیڈر اور ضلعی امیر مولانا لطف الرحمان نے یارک انٹر چینج پر پی ڈی ایم کے زیراہتمام مہنگائی مکاﺅ مارچ کیلئے ڈیرہ سے روانہ ہونے والے قافلوں کی قیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یو آئی کے رہنما کفیل احمد نظامی، ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری اشفاق ایڈوکیٹ، حاجی نظام الدین، رانا رمضان سالار، راشد ببلو اور دیگر بھی موجود تھے۔
مولانا لطف الرحمن کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں یہ عظیم الشان ریلی نیک لوگوں کی ہو گی جس میں ڈی چوک جیسی عریانی و فحاشی نہیں ہو ۔گی تحریک عدم اعتماد کی پشت پر پوری قوم کھڑی ہے، ہم بیرونی ممالک کے سامنے ہاتھ پھیلانے والوں میں سے نہیں، 26مارچ کو پی ڈی ایم کے تمام قافلے مولانا فضل الرحمن کی قیادت میںاسلام آباد میں اکھٹے داخل ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی رو سے سپیکر قومی اسمبلی کو فوری طور پر اجلاس بلا کر ضابطے کی کاروائیاں معطل کرکے تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کرانی چاہئے تھی تاہم حکومت تاخیری حربے اختیار کرکے سپیکر قومی ا سمبلی کو قربانی کا بکرا بنا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں معاشی صورتحال ابتر ،مہنگائی عروج پر ہے لوگ مہنگائی کی وجہ سے خود کشیاں کر رہے ہیں، عمران کی وجہ سے ملک کی کشتی ڈوب رہی ہے۔
