وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج کا جلسہ پاکستان کی جنگ ہے، وقت پر جلسہ گاہ پہنچنے کے لیے جلد از جلد نکلیں۔
وزیراعظم عمران خان نے پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ‘امربالمعروف’ کے عنوان کے تحت ہونے والے جلسے سے متعلق اپنا خصوصی آڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
رات گئے ٹوئٹر پر جاری اپنے آڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ تحریک انصاف کی نہیں پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے۔
Prime Minister @ImranKhanPTI 's Exclusive Message for the Jalsa today at Parade Ground. #WeAreComingPMKhan pic.twitter.com/ChoUFraCt9
— PTI (@PTIofficial) March 26, 2022
انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ بھی جلسے کے لیے نکل رہے ہیں ان سب کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جلدی نکلیں کیونکہ رش ہوگا، سڑکوں پر رکاوٹوں کے باعث مجھے خوف ہے کہ آپ جلسے پر ٹائم پر نہیں پہنچ پائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس لیے جہاں جہاں لوگوں نے جلسے کے لیے جس ٹائم پر نکلنے کا ارادہ کیا ہے وہ اس ٹائم سے پہلے نکل جائیں کیونکہ ان شا اللہ آج ہم پاکستان کی تاریخ بنانے نکلے ہیں۔
ادھر وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بھی جلسے سے متعلق اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا جلسہ عوام کا جلسہ ہے، عمران خان پاکستان کے محسن ہیں جنہوں نے ملک کی آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی، پاکستان کے عوام عمران خان کے جلسے کیلئے گھروں سے باہر نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ یہاں پیسے سے ہر ایک کو خریدا جا سکتا ہے، آج وہ پاکستان عمران خان کی وجہ سے سر اٹھا کر کھڑا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات @fawadchaudhry کا ''امر بالمعروف'' جلسہ کے حوالے سے ویڈیو بیان-#IamImranKhan pic.twitter.com/CMOKRVhOYU
— PTI (@PTIofficial) March 27, 2022
انہوں نے کہا کہ بہادر قوم کو بہادر لیڈر کی ضرورت ہوتی ہے، عمران خان وہ لیڈر ہے جو کبھی عوام کا سر جھکنے نہیں دے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی معیشت اور انڈسٹری کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عورتوں، بچوں اور جوانوں سمیت ہر شعبے سےتعلق رکھنے والے پاکستان بھر کے عوام آج پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد پہنچیں اور وزیراعظم عمران خان کا امر بالمعروف جلسے سے تاریخی خطاب سنیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے بھی ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ایک جلسہ نہیں انشاءاللہ ایک تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آج فیصلہ کر رہا ہے کہ سیاست کو حرام کے پیسے سے نجات دلانی ہے، ایک خوددار خودمختار قوم بن کر زندگی گزارنی ہے۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ کہاکہ تمام تنظیمی عہدے دار اور منتخب نمائندے جو اپنے علاقوں سے جلوسوں کی قیادت کر رہے ہیں، اُن کے لیے وزیراعظم عمران خان کے احکامات ہیں کہ جلد از جلد اسلام آباد کے لئے نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ سب کی سوچ سے زیادہ لوگ جلسے میں شرکت کے لئے آ رہے ہیں، اس لئے اندازے سے زیادہ ٹائم لگے گا۔
وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے بھی اس حوالے سے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اسلام آباد موٹروے پر اس وقت پاکستان تحریک انصاف کے جھنڈوں یا فلیکس کے بغیر کوئی گاڑی نظر نہیں آ رہی۔
اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ملک میں ضمیر فروشی اور کرپشن کے خلاف لوگ اپنی مدد آپ نکل آئے ہیں۔
واضح رہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کر رہی ہے جس سے وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔
منبع: ڈان نیوز
The post وزیراعظم عمران خان کی عوام سے وقت پر جلسہ گاہ پہنچنے کی اپیل appeared first on شفقنا اردو نیوز.