
ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) یمنی حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر ڈرون حملے کردیے،جس سے جدہ کے تیل کے گودام اور ترسیلی مرکز میں آگ بھڑک اٹھی اور شعلے آسمان سے باتیں کرن لگے۔ حوثی باغیوں کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ہم نے ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے کئی حملے کیے، جن میں جدہ میں ارامکو کی تنصیب اور ریاض میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ادھر سعودی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن حکومت سعودی عرب کے دفاع کو مضبوط بنانے میں مدد جاری رکھے گی۔ دوسری جانب سعودی اتحادی فورسز نے یمن میں حوثیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا۔ کارروائی کے دوران یمن کے شہر صنعا اور حدیدہ میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں 8جنگجو ہلاک ہوئے۔ عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثیوں کو سعودی عرب پر حملے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ یہ میزائل حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور اس کے باعث ہونے والی تیل کی فراہمی میں کمی پر ہم ذمے دار نہیں ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے حوثیوں کے ڈرون اور بیلسٹک میزائل حملے کو ناکام بناتے ہوئے ایک بیلسٹک میزائل اور 10 ڈرون تباہ کر دیے۔