ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سماجی برائیوں و مسائل کیخلاف علما کا تعاون چاہتے ہیں، وزیر مذہبی امور

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے معاشرے کو درپیش سماجی مسائل سے نمٹنے کیلیے علما سے مزید تعاون کی درخواست کی ہے۔ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام ویب سیمینار کے دوسرے روز علما کرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کورونا کے دوران علمائے کرام اور مشائخ عظام کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ تمام مکاتب فکر کے مذہبی اسکالرز نے رضاکارانہ اور تحریری طور پر کورونا پروٹوکول کی پیروی کی اور لوگوں کو اس مہلک وائرل انفیکشن کے پھیلا ئو کو روکنے کیلیے بڑے پیمانے پر آگاہ کیا، ان کے اچھے ٹریک ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے، وزارت مذہبی امور دیگر سماجی برائیوں جیسے جعلی خبروں، حفظان صحت، جائیداد میں خواتین کے حقوق، صفائی، آبادی سے نمٹنے، فلاح و بہبود، عدم برداشت اور اسلامو فوبیا وغیرہ جیسے معاشرتی مسائل سے نمٹنے کیلیے علمائے کرام اور مشائخ کے ساتھ اپنے تعاون کے دائرے کو بڑھانے کی خواہاں ہے۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ کونسل نے معاشرے کے تمام طبقات میں اصلاحات لانے کیلیے مختلف سماجی مسائل پر تقریبا 100 مقالے تیار کیے ہیں، مکمل رہنما اصول وضع کرنے کے بعد مرتب شدہ لٹریچر علما میں تقسیم کیا جائے گا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن مفتی علی اصغر نے تجویز پیش کی کہ میڈیا والوں کو جعلی خبروں سے نمٹنے کیلیے مناسب تربیت فراہم کی جائے، یہ ابھرتے ہوئے مسائل میں سے ایک ہے اور معاشرے کے مختلف طبقات میں افراتفری کا ایک بڑا ذریعہ ہے، صحافیوں کو قرآن و سنت کے مطابق صحافتی اخلاقیات سے آگاہ کیا جائے اور انہیں غلط تصورات کی تشہیر کے نتائج کا دنیا اور آخرت میں احساس دلائیں۔ آن لائن میٹنگ میں ملک کے ہر کونے سے علمائے کرام اور مشائخ نے شرکت کی اور سماجی مسائل سے نمٹنے کی صورت میں اپنا تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں