اسلام آباد (اے پی پی) آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان امت مسلمہ کا عظیم سرمایہ ہیں جنہوں نے اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد منظور کرا کر عاشق رسول ہونے کا حق ادا کر دیا ہے جس پر پاکستانیوں،کشمیریوں اور پوری امت مسلمہ کو فخر ہے، عمران خان میرے اور آپ کے لیڈر نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیڈر ہیں جس پر ہمیں فخر ہے، ہمیں عمران خان کی صورت میں ایک نڈر ، ایماندار،جرات مند اور
دیانتدار لیڈر کی ضرورت ہے جو ملک کو غیروں کی غلامی سے آزاد کرائے گا، پریڈ گراؤنڈ میں پاکستانی اور کشمیری عوام کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید اور قومی دولت لوٹنے والوں کے خلاف ننگی تلوار ہیں جن کی موجودگی میں کوئی ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا، پاکستان کو عمران خان کے ساتھ ہی آگے بڑھنا ہے اور باوقار انداز میں قوموں کی برادری میں اپنا ممتاز مقام حاصل کرنا ہے، پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا۔