کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ کھیل و امور نوجوانان سندھ کے زیر اہتمام پیپلز فٹبال اسٹیڈیم لیاری میں جاری سندھ سپر لیگ فٹبال لیاری فائٹرز اور لاڑکانہ لیوپرڈز کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں۔ پہلا سیمی فائنل لاڑکانہ لیوپرڈ اور حیدرآباد ٹائیگرز کے درمیان کھیلا گیا جس میں مقررہ وقت میں کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔ پلینٹی کک پر لاڑکانہ لیوپرڈ نے حیدرآباد ٹائیگرز کو 4-3 سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ دوسرا سیمی فائنل لیاری فائٹرز اورکورنگی چیلنجرز کے درمیان کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں نے 2,2 گول اسکور کیے تاہم پیلنٹی ککس پر لیاری فائٹرز نے کورنگی چیلنجرز کو 5-4 سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی۔آج لیاری فائٹرز اور لاڑکانہ لیوپرڈ کی ٹیمیں فائنل میں مدِ مقابل ہوں گی۔ اس موقع پر لیاری فائٹرز کے فرنچائز اونر سابق سینیٹر یوسف بلوچ نے دونوں ٹیموں کی جانب سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ میچ میں ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور سیمی فائنل جیتنے پر اپنے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا ہمیں امید ہے لیاری فائٹرز کی ٹیم فائنل جیتے گی۔