کراچی (نمائندہ جسارت) ترجمان سندھ حکومت، مشیر قانون و ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر ردعمل د یتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی صاحب آپ پارلیمنٹ میں اکثریت کھو چکے لہٰذا قوم کی جان بخش دیں۔ سابق وزیراعظم عمران نیازی نے حسب معمول اپنے خطاب میں گیدڑ بھبھکیاں دیں، آپکی گیدڑ بھبکیاں کسی کام نہیں آنے والی، آپکی شخصیت اور نااہلی کی وجہ سے آپ کے اپنے ساتھ چھوڑ گئے، پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں نے اپنا آئینی حق استعمال کیا۔ پوری قوم آپ کو مسترد کرچکی ہے۔ آج کا خطاب کسی بھی طرح ایک وزیراعظم کا خطاب نہیں تھا۔ جناب والا تسلیم کرلیں آپ ایک ناکام وزیراعظم ثابت ہوئے، آپ کی ناکام پالیسیوں نے عوام کو بدترین مہنگائی سے دوچار کیا، آپ کے ناکام دور میں گیس، بجلی، کھاد، آٹا، چینی اور دیگر اشیاء کے بحران پیدا کیے گئے۔ قوم آپ کے بدترین دور کو کبھی نہیں بھولے گی۔