لاہور(نمائندہ جسارت) تحریک انصاف کے منحرف رہنما علیم خان نے چیلنج کرتے ہوئے عمران خان کو کہا ہے کہ وہ آئیں مقابلہ کریں اور بتائیں کہ غدار کون ہے ، کسی نے پی ٹی آئی کے لیے مجھ سے آدھی قربانی بھی دی ہوتو دکھائیں،عمران خان باہر نکلیں اور میرے ساتھ بیٹھ کر مقابلہ کرلیں، عوام کے سامنے حقائق رکھتے ہیں،اگر میں جھوٹا ثابت ہوا تو خود کو گولی مار دوں گا اور اگر عمران خان جھوٹے ثابت ہوں تو یہی کام وہ کریں،نئے پاکستان کے سارے لبادے کھولوں گا،عمران خان‘میں امریکی سفیر سے آپ کے ساتھ آپ کے گھرمیں ملا‘کیا وہ غداری تھی؟ دکھ ہے جس شخص کے لیے10 سال لگائے وہ اس قوم کے ساتھ مخلص نہیں ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھا کہ میں نے تحریک انصاف کے لیے بہت قربا نیاں دیں، شروع میں تو پنجاب کے ہرجلسے کے لیے مجھ سے پیسے لیے جاتے رہے، عمران خان وہ شخص سامنے لے آئیں جس نے مجھ سے آدھی بھی قربانی دی ہو،2011ء سے عمران خان کا ساتھ دینا شروع کیا، 2011 ء کے بعد کوشش کی تحریک انصاف پر کوئی بوجھ نہ پڑے،2011ء میں عمران خان،میاں محمود الرشید میرے گھرآئے، مجھے کہا گیا یہ جلسہ آپ نے کرانا ہے، اپنے وسائل سے سب کچھ کیا، جہانگیر ترین نے بھی اس حوالے سے بہت مدد کی۔