اسلام آ باد : ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی وزیر اعظم نہیں رہے انکے غیر آئینی احکامات پرعمل کرنا غیر آئینی ہے,جو کوئی بھی غیر آئینی احکامات پرعمل کرے گا وہ بھی آرٹیکل 6 کے زمرے میں آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق حافظ حمد اللہ نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ عمران نیازی وزیر اعظم نہیں رہے انکے غیر آئینی احکامات پرعمل کرنا غیر آئینی ہے، جو کوئی بھی غیر آئینی احکامات پرعمل کرے گا وہ بھی آرٹیکل 6 کے زمرے میں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ 3 اپریل کو ایک ہی دن میں تین بار آئین کا خون ہوا، آئین کے قاتل ڈپٹی اسپیکر عمران نیازی اور عارف علوی ہے، یہ پاکستان کی سیاسی اور آئینی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ملک کو ایک سنگین آئینی بحران سے دو چار کیا ہے، اب گیند اعلی عدلیہ کے کورٹ میں ہے قوم کی نظریں کورٹ پر ہے، سپریم کورٹ کے سامنے دو راستے ہے آئین اور ڈپٹی اسپیکر کا خلاف آئین رولنگ۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ تیسراکوئی راستہ نہیں ہے اب دیکھتے ہیں آئین مقدم ہے یا ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ؟ قوم کو یقین ہے کہ سپریم کورٹ آئین کو مقدم رکھ کر غیر آئینی رولنگ کو سمندر برد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ کا سلسلہ بند کرنے کے لئے عدلیہ کو مثال قائم کرنا ہوگی، ملک میں آئینی بحران ہے جس کا حل الیکشن نہیں بلکہ آئین کی بحالی ہے، اسمبلی بحال کر کے عدم اعتماد تحریک پر ووٹنگ کروائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئینی پامالی کی صورت میں پی ڈی ایم اور متحدہ اپوزیشن الیکشن میں کیسے جاسکتی ہے؟ عمران نے نیازی جو غدار غدار کا کھیل کھیلنا شروع کیا ہے یہ ملک کے بنیادیں ہلا کے رکھ دے گا۔
ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے مزید کہا کہ کشمیر فروش نیازی جس آگ سے کھیلنے کی کوشش کررہا ہے اسی میں راکھ بن جائے گا۔