اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) ڈاکٹر ناصر خان، چیف کمشنر، کارپوریٹ ٹیکس آفس، اسلام آباد نے کہاہے کہ وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر ٹیکس دہندگان کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے اور ٹیکس کے طریقہ کار کو مزید سہل بنانے کے لیے کام کریں گے تا کہ ٹیکس دہندگان کو سہولت ہو اور خطے میں ٹیکس کی بنیاد کو مزید وسعت دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی او سی اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر چیمبر کے صدر محمد شکیل منیر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرادارے کی ٹیکس کمیٹی کے کنوینر نعیم صدیقی بھی موجود تھے۔ڈاکٹر ناصر خان نے کہا کہ آئی سی سی آئی تحریری طور پر بجٹ تجاویز کارپوریٹ ٹیکس آفس کے ساتھ شیئر کرے جو آئندہ بجٹ میں غور کے لیے ایف بی آر کو پیش کی جائیں گی تاکہ مشترکہ کوششوں سے ٹیکس دہندگان کی اہم شکایات کا ازالہ کیا جائے اور ان کو ٹیکس معاملات میں سہولت فراہم کی جائے۔آئی سی سی آئی کے صدر محمد شکیل منیر نے سی ٹی او کی طرف سے بجٹ تجاویز کے لیے آئی سی سی آئی سے رجوع کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ چیمبر جلد ہی اپنی تحریری تجاویز سی ٹی او کے ساتھ شیئر کرے گا جن کو حتمی بجٹ میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایف بی آر کو آئندہ بجٹ میں ٹیکس کی بلند شرحوں کو کم کرنے پر توجہ دینی چاہیے جس سے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے اور مجموعی ٹیکس ریونیو کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

