وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اقتصادی جہت کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی سے ملاقات میں کیا جنہوں نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دینے کے لیے ان سے ملاقات کی اور خلیجی ملک کی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کو عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد شہباز شریف پاکستان کے 23ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آج کی ملاقات کے دوران نومنتخب وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفرااسٹرکچر، فوڈ سیکورٹی اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔
H.E. Mr. Hamad Obaid Ibrahim Salem Al-Zaabi, Ambassador of the UAE to Pakistan, called on PM Shehbaz Sharif.
While extending warm felicitations on his assumption of office as the PM of Pakistan, the Ambassador reaffirmed UAE’s desire to further strengthen bilateral relations. pic.twitter.com/mlAXZDeAN5
— Prime Minister's Office (@PakPMO) April 19, 2022
وزیر اعظم شہباز شریف نے یاد دہانی کروائی کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہمیشہ خصوصی تعلقات رہے ہیں جو مشترکہ تاریخ، مشترکہ عقیدے اور جغرافیائی قربت میں مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ ان تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام کے قریبی رابطوں سے مزید تقویت ملی ہے۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے اہم کردار کو بھی سراہا جو ان کے بقول دونوں ممالک کے درمیان ایک ’مضبوط پُل‘ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے صرف 50 برس کے عرصے میں ملک کی متاثر کن تبدیلی کے لیے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے وژن کو سراہا۔
دریں اثنا وزیر اعظم کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی خواہش کا اعادہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط قریبی تعاون پر مبنی ہیں، اعلی سطح کی بات چیت دوطرفہ تعاون کی ترقی کو مسلسل رفتار فراہم کرتی ہے۔
منبع: ڈان نیوز
The post وزیراعظم کا امارات کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار appeared first on شفقنا اردو نیوز.