حیدرآباد(جسارت نیوز)بھارتی بیس بال ٹیم بھی پاکستان میں مارچ 2023 میں شیڈول 14ویںسائوتھ ایشین گیمز میں شرکت کی خواہاں ہے ۔اس بات کو سمجھتے ہوئے کہ بیس بال کھیل ان گیمز میں شامل ہوگا اس لیے بیس بال سافٹ بال فیڈریشن آف انڈیا نے پی او اے کو اپنی شرکت کی یقین دہانی کے لیے خط ارسال کردیا ہے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے فیڈریشن کے میڈیا مینیجر پرویز احمد شیخ کو میڈیا کے لیے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انکا کہنا ہے کہ ہمیں انڈین فیڈریشن کے سیکریٹری منوج کوہلی کے خط کی کاپی موصول ہوگئی ہے جبکہ سری لنکا، نیپال اور بنگلا دیش پہلے ہی شرکت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ سید فخرعلی شاہ نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر مرد و خواتین بیس بال ان 14 ویں سائوتھ ایشین گیمز میں شامل ہوا تو پاکستان کے گولڈ یقینی ہونگے۔