کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے تحت 17رمضان المبارک کو کراچی تا کشمور سندھ بھر میں یوم بدر بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایاگیا، حق وباطل کے درمیان پہلا معرکہ بدرکی یاد میںمنعقدہ اجتماعات سے جماعت اسلامی کے مرکزی،صوبائی وضلعی رہنمائوں کے علاوہ علما کرام اور دانشوروں نے غزوہ بدر کے معرکے اور نبی مہربانؐ کے جانثاروں کی ایمان افروز جدوجہد پر روشنی ڈالی، مقررین نے امت مسلمہ کی بے بسی،اغیار کی یلغار اور اسلام کے غلبے کے لیے امت کے اندر غزہ بدر کے جذبے کو بیدار کرنے پر زور دیا۔مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹونے کراچی،ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے ٹنڈوآدم،صوبائی نائب امیرممتاز حسین سہتونے کندھ کوٹ، پروفیسر نظام الدین میمن نے شہداد کوٹ، حافظ نصراللہ عزیز نے حیدرآباد، صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے دادو، ڈپٹی جنرل سیکرٹری نواب مجاہد بلوچ نے حیدرآباد، افضال آرائیں نے کنری عمرکوٹ، عبدالقدوس احمدانی نے حیدرآباد، علامہ حزب اللہ جکھرو نے کراچی میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کیا۔ اسداللہ بھٹو نے چیپل سن سٹی کراچی میں یومِ بدر کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم بدر کفر کی حکومت اور طاقت کے خاتمے ، اسلامی حکومت کے قیام کا دن ہے،حضور نے مدینے میں مسجد نبوی کے ساتھ اسلامی حکومت بھی قائم کی اور ابوجہل کا حملہ اسلامی حکومت کے خاتمے کے لیے تھا،رسول ؐ نے صحابہ کرامؓ کے ساتھ بدر کے میدان میں کفار کا مقابلہ کرکے مسلمانوں کو بتادیا کہ نماز روزے کے ساتھ اسلامی حکومت کا قیام نہایت ضروری ہے خواہ اس کے لیے اپنی جانوں کی قربانی کیوں نہ دینی پڑے۔پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا لیکن 74 سال گزرنے کے باوجود اسلامی حکومت قائم نہیں ہوسکی ہے۔ عمران خان کی حکومت کے4سالہ دور حکمرانی میں بھی اسلامی نظام نافذ نہیں ہوسکا اور موجودہ پی ڈی ایم حکومت اصلاحات کی بات تو کرتی ہے لیکن اسلامی نظام اور اسلامی پاکستان کے لیے خاموش ہے۔محمد حسین محنتی نے مٹیاری میں یومِ بدر کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امریکا کی قیادت میں جدید گولہ بارود سے لیس نیٹوفوج کی شکست اور بے سروسامانی مگر ایمان کی دولت سے مالا مال طالبان مجاہدین کی فتح و اسلامی حکومت کا قیام آج کے دور میں غزوہ بدر کی یاد تازہ کردی ہے۔یومِ بدر حق وباطل کے مابین فرق کرنے والا دن ہے یہ وہ عظیم دن ہے جب اللہ تعالیٰ نے اسلام کو دشمنوں پر پہلی فتح نصیب فرمائی، یومِ بدر وہ عظیم معرکہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے کفار کے بڑے لشکر پر جذبہ ایمانی سے سرشار مسلمانوں کے تھوڑے لشکر کو ایمان کی بدولت فتح یاب اور سرخرو کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر دور میں حق وباطل کے درمیان کشمکش جاری رہی ہے آج کشمیر سے فلسطین، مصر اوربنگلادیش سے لے کر افغانستان سمیت دنیا بھر میں مسلمان لازوال قربانیاں دے رہے ہیں، یومِ بدر ان کے لیے ایمان ویقین اور حوصلے کا پیغام ہے۔صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے گڈو کندھکوٹ میں یومِ بدر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ اسلام میں یوم بدر کا دن بڑی اہمیت کا حامل ہے، ایک طرف چھوٹی سی اسلامی ریاست اور جماعت تھی تو دوسری طرف اس وقت کے قیصر کا اتحادی پلیٹ فارم تھا جنہوں نے طے کرلیا تھا کہ اس ریاست کو تہ تیغ کرنا اور ہمیشہ کے لیے اس شمع کو بجھادینا تھا، لیکن آپؐ اور آپؐ کے جانثارانؓ نے اس وقت کے کفار کے سرداران ابوجہل ، ابو شیبہ کو قتل کرکے یہ ثابت کیا کہ اہل ایمان کو زور بازو پر نہیں بلکہ اللہ پر توکل کرنا چاہیے اور میدان جہاد میں اللہ کی مدد تب آتی ہے جب مسلمان مجاہد گھروں سے نکل کر میدان میں کمربستہ ہوجائیں۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے دادو میں یومِ بدر کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17رمضان المبارک اسلامی تاریخ کا وہ عظیم الشان دن ہے جب اللہ تعالیٰ نے اپنی نصرت کے ذریعے مسلمانوں کو فتح مبین سے نوازا اورحق وباطل کے درمیان فرق کھل کر سامنے آیا۔ دنیا کی تاریخ میں معرکہ بدر بڑی تاریخی اہمیت کا حامل ہے کہ مٹھی بھر مجاہدین نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی۔