کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان ہاکی ٹیم کے دورہ یورپ سے قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن اور سلیکشن کمیٹی میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے پی ایچ ایف افسران کی طرف سے کھلاڑیوں کے چنا ئومیں مداخلت کا الزام عائد کردیا۔منظور جونیئر کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی پی ایچ ایف سے ناخوش ہے۔ذرائع سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ پہلے 25 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ سلیکشن کمیٹی کے علم میں لائے بغیر کیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران سب فیصلے خود کر رہے ہیں۔ذرائع نے مزید کہا کہ سلیکشن کے معاملات اور مستقبل کا پلان ڈچ کوچ پرڈالے جا رہے ہیں ۔ جب 25 شارٹ لسٹ کھلاڑیوں سے کوئی تعلق نہیں تو 20 رکنی کمیٹی سے کیسے ہو سکتا ہے؟۔سلیکشن کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ ٹیم کی سلیکشن کے معاملات میں سلیکشن کمیٹی کا کوئی عمل دخل نہیں رکھا گیا۔ اب تک خاموشی اختیار کی ہے، جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ دوسری طرف پی ایچ ایف کے سیرکیٹری آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے پاسپورٹس اور ویزے کا حصول مکمل ہوگیا ،ابھی تک کسی کھلاڑی کی ویزا درخواست مسترد ہونے کی کوئی اطلاع نہیں، اگر کوئی مسئلہ بنا تو متبادل انتظامات کیے جاسکتے ہیں، دورہ یورپ کے لیے پاکستانی ہاکی ٹیم کے 20رکنی اسکواڈ کا اعلان آج ہوگا۔سیکرٹری ہاکی فیڈریشن کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے پاسپورٹس اور ویزا کا عمل مکمل ہوگیا ہے تاہم ابھی تک کسی کھلاڑی کی ویزا درخواست مسترد ہونے کی کوئی اطلاع نہیں۔ اگر کوئی مسئلہ بنا تو متبادل انتظامات کیے جاسکتے ہیں۔صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر کی منظوری کے بعد 20 رکنی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا جبکہ قومی ٹیم کی یورپ روانگی 22 اپریل کو طے ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر منظور جونئیر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ جس پر سیکرٹری پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر بھی موقف ٹیم کے اعلان کے وقت دیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم پہلے مرحلے میں ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم پہنچے گی جہاں3 روز پریکٹس کے بعد 26 اپریل کو ہالینڈ کے ساتھ پہلا میچ کھیلے گی، دوسرا میچ 27 اپریل کو طے ہے۔