ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

تجربہ کار افراد کو کابینہ کا حصہ بنایا ہے،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ تجربہ کار افراد کو کابینہ کا حصہ بنایا ہے، جنہوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں، آپ کی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے آپ کو یہ ذمے داری سونپی، عوام کو جو توقعات آپ سے ہیں آپ خلوص سے پانسہ بدل دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں کابینہ اراکین کو ملکی معیشت اور امن و امان سمیت مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہمجھے احساس رہتا ہے کہ سفید پوش طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہم کیا کچھ کر سکتے ہیں، بدقسمتی سے ہمیں قومی خزانہ جس حالت میں ملا ہے وہ میری خواہش کو پورا کرنے کے قابل نہیں، پھر بھی ماہِ رمضان کے دوران اپنے تنگدست اہل وطن کو مایوس نہیں ہونے دیں گے، مشکلات کو کچھ کم کرنے کے لیے پنجاب میں 10 کلو آٹے کی قیمت کم کردی ہے، عوام کو ریلیف دینا ہی میری حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ چینی کہاوت ہے جہاں چیلنج ہے وہاں موقع بھی ہے، موجودہ صورتحال میں بھی یہی ہے یہاں چیلنج بھی اور کام کرنے کا موقع بھی ہے، مشکلات ضرور آئیں گی مگر دیکھنا ہوگا مسائل کیسے حل کرنے ہیں، خلوص اور عزم کے ساتھ کام کیا جائے تو کوئی بھی چیلنج پر قابو پایا جاسکتا ہے، توقع ہے باہمی مشاورت سے تمام چیلنجز پر قابو پا لیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، بجلی اور ایندھن نہ ہونے کے باعث سیکڑوں کارخانے بند پڑے ہیں، ہمارے بچوں کا آخری بال بھی قرضوں میں ڈوب چکا ہے، کابینہ کو جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، مسائل حل کرنے کے لیے کوئی جادو کی چھڑی کام نہیں آئے گی، دن رات محنت کرنی ہوگی، قوم کے بہترین مفاد میں فیصلے کرنے ہیں، ڈوبتی کشتی کو کنارے لگانا ہے، پاکستان میں بہتری لانی ہے، معیشت کی بحالی کے لیے مزید وسائل پیدا کرنا ہوں گے، ساڑھے 3 سال میں جو کرپشن عروج پرتھی اسے ختم کرنا ہے۔ نومنتخب وزیراعظم نے کہا کہ آپ کے سامنے مہنگائی، لوڈشیڈنگ سمیت کئی چیلنجز ہیں، کابینہ اراکین نے مجھے گائیڈ کرنا ہے، مشورے اچھے اور تلخ بھی ہوں گے، ہم اتحاد سے چلیں گے تو ہم بڑی سے بڑی مشکل کا مقابلہ کر لیں گے۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ انتخابات میں اپنے اپنے منشور کے مطابق عوام سے بات کریں گے، زہریلے پروپیگنڈے کا حقائق کی بنیاد پر جواب دینا ہوگا، 4سال اپوزیشن کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا گیا,بلوچستان کے عوام کے مسائل پر بھرپور توجہ دینا ہوگی، دیگرصوبوں کے مسائل پر بھی درددل کے ساتھ توجہ دینا ہوگی, تمام بڑی جماعتوں کا اکٹھا ہونا پاکستان کی تاریخ کا بڑا اتحاد ہے،ساڑھے 3سال میں جو کرپشن عروج پر تھی اس کو ختم کرنا ہے۔وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب سیاست کا موقع آئے گا تو سیاست ہوتی رہے گی لیکن ابھی ہمارے اتحاد کا مقصد ذاتی پسند ناپسند سے بالاتر ہو کر ملک کے 22 کروڑ عوام کی خدمت کرنا ہے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے ایوان صدر کا دورہ کیا اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی ۔ ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی۔وزیراعظم نے صدر علوی کی خیریت دریافت کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں چاروں صوبوں کے گورنرز کی تعیناتی کے علاوہ گورنر پنجاب کو ہٹانے کے لیے بھجوائی گئی سمری پر بھی بات چیت کی گئی ۔ ملاقات میں مملکت کے امور کی ہموار بجاآوری اور قومی سلامتی جیسے حساس معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں تلخی کو بھی کم کرنے کی کوشش کی گئی۔ صدر علوی نے کہا آئین اور قوانین کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہا ہوں۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم کی ملاقات میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف سے امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات ، باہمی دلچسپی کے امور ، دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم سے برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر،بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد نے بھی ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج شمالی وزیرستان کا دورہ کریں گے اورقبائلی عمائدین کے ساتھ ملاقات کریں گے، شہباز شریف کو وزیرستان میں امن و امان کی صورتحال پر بریفننگ دی جائے گی ۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں