یوکرین فضائیہ کی کمان نے اعلان کیا کہ انہوں نے روس کا 1 طیارہ، 1 ہیلی کاپٹر، 1 مسلح ڈراؤن، 5ڈراؤن اور 1 کروز میزائل مار گرایا ہے۔
فضائیہ کی کمان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کی فضائیہ موجودہ ملکی اور غیر ملکی ساختہ طیارہ شکن میزائلوں اور طیارہ شکن ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے دشمن کے زیادہ سے زیادہ فضائی اہداف کو تباہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران روسی حملہ آوروں کے 9 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
یوکرین کے جنرل اسٹاف نے 24 فروری سے 20 اپریل کے درمیان روسی فوج کے نقصانات کے بارے میں بھی بیان دیا۔
بیان کے مطابق یوکرین پر حملہ کرنے والی روسی فوج کے 20,900 فوجی مارے گئے، 171 روسی طیارے، 150 ہیلی کاپٹر، 815 ٹینک، 2087 بکتر بند گاڑیاں، 391 توپیں، 136 راکٹ لانچ سسٹم اور 67 فضائی دفاعی نظام تباہ ہوئے۔
25 مارچ کو روسی وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں اعلان کیا گیا تھا کہ یوکرین میں 1,351 روسی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
یوکرین کی نائب وزیر اعظم ارینا ویریشچک نے اعلان کیا کہ ماریوپول شہر سے شہریوں کے انخلاء کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راہداری کھولنے کے لیے روس کے ساتھ ایک ابتدائی معاہدہ طے پا گیا ہے۔یوکرینی اہلکار نے ماریوپول میں انسانی صورتحال کو "انتہائی خراب ” قرار دیا۔
دوسری جانب ماریوپول کے میئر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ آج شہر سے 90 بسوں کے ذریعے 6 ہزار افراد کو نکال لیا جائے گا۔