ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بہت جلد شریفوں کی کرپشن پر وائٹ پیپر لائینگے،عمران خان

ملتان،اسلام آباد (آن لائن،صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے شریف خاندان کی کرپشن پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر جعفر اور میر صادق کیساتھ مل کر چوروں کا ٹولہ مسلط کیا گیا ، مجھے آپ کو اسلام آباد کی کال دینی ہے ،چیلنج کرتاہوں میری کال پر 30لاکھ لوگوں کا سمندر اسلام آباد آئیگا، پاکستان میں حقیقی آزادی کی جدوجہد کے لیے بچے بچے کو تیار کرنا ہے اور ملک میں الیکشن کرانا ہے، یہ لوگ عید کے بعد میری کردار کشی کریں گے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 35 سال سے یہ مافیا دو طریقے سے چلتا ہے۔ ایک یہ لوٹوں کو پیسہ دے کر خریدتے ہیں دوسرا طریقہ کردارکشی کرنا ہے، یہ لوگوں کو ڈراتے دھمکاتے ہیں،2017 میں پیسے دے کر میرے خلاف کتاب لکھوائی گئی، اب یہ لوگ عید کے بعد میری کردار کشی کرینگے۔ عمران خان نے کہا کہ شریف مافیا نے بینظیر اور نصرت بھٹو کی جعلی تصاویر پھینکیں، اسی مافیا نے اس خاتون کے خلاف جو مسلمان ہوکر پاکستان آئی اس کیخلاف یہودی ہونے کی مہم چلائی، اگلے دو سے تین روز میں شریفوں کی کرپشن کا وائٹ پیپر جاری کروں گا، شریفوں کے کتنے کیسز ہیں انہوں کتنا پیسہ چوری کیا یہ سب قوم کو بتاؤں گا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک جنگ ہتھیار اور دوسری زبان سے ہوتی ہے، ہم اپنی زبان سے اس مافیا کیخلاف جنگ لڑیں گے اور لوگوں کو تیار کرینگے۔علاوہ ازیںسابق وزیراعظم اور چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان، چین میں کثیرالجہتی شراکت داری دشمنوں کو کھٹکتی ہے۔عمران خان نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور چینی ناظم الامور سے خصوصی ملاقات کی، چیئرمین تحریک انصاف نے چینی ناظم الامور سے جامعہ کراچی میں چینی اساتذہ پر ہونے والے حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی۔عمران خان نے چینی اساتذہ کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چینی حکومت، عوام کے ساتھ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین ایک مہربان ہمسایہ اور نہایت قابل اعتماد دوست ہے، پاکستان، چین میں کثیرالجہتی شراکت داری دشمنوں کو کھٹکتی ہے، واقعے کے پیچھے پاک چین اشتراک کو نقصان پہنچانے کے عزائم کار فرما ہیں، دونوں ممالک کیعوام باہم مل کر فتنہ پرورعناصر کو شکست دینگے۔دریں اثناء امریکی دھمکیوں پر محیط پاکستانی سفیر کے مراسلے کے مندرجات کی عدالتی کمیشن سے تحقیقات کیلیے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے صدرِ مملکت کو خط تحریر کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔عمران خان چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی چٹھی بھجوائیں گے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ دونوں اہم ریاستی شخصیات سے امریکا سے پاکستانی سفیر کے مراسلے اور اسکے مندرجات کی روشنی میں اب تک کی کارروائی کے بارے میں پوچھا جائے گا ،باضابطہ ملاقات میں ہمارے سفیر کو دی جانے والی دھمکی شرمناک اور سفارتی آداب کے یکسر منافی ہے، مہذب دنیا میں ایسے تکبرانہ طرزِ عمل اور سفارتی بداخلاقی کی کوئی گنجائش نہیں، قوم کی آزادی و خود مختاری کا تحفظ حکومت کے دفاع و حصول سے بالاتر فریضہ ہے،مقامی غداروں نے قوم کو سامراج کے چنگل میں جکڑنے کی قیمت حکومت کی صورت میں وصول کی، عوام بیرونی سازش کی شکل میں پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت پر بے حد رنجیدہ اور ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ردعمِل کی شدت کے پیشِ نظر حقیقی آزادی مارچ کی تاریخ کا اعلان زیادہ دیر تک روکنا ممکن نہیں، چوروں کو غداروں میں ڈھلتے دیکھ کر عوام سیخ پا، ان ملت فروشوں کا محاسبہ چاہتے ہیں ۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں