بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چینی حکومت نے درالحکومت بیجنگ میں جزوی لاک ڈاؤن شروع کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق شہر بھر میں کورونا ٹیسٹنگ کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔ جزوی لاک ڈاؤن کے دوران بیجنگ میں شاپنگ مال اور فٹنس سینٹر بند کر دیے گئے ہیں۔ عوام کی ایک بڑی تعداد نئے لاک ڈاؤن کے حق میں نہیں ہے، لیکن اندیشہ ہے کہ شنگھائی کی طرح بیجنگ میں بھی حالات تشویش ناک ہوسکتے ہیں۔ ادھر شنگھائی میں بھی گزشتہ ماہ سے جاری لاک ڈاؤن کی مدت میں مزید توسیع کی جا سکتی ہے۔ چینی حکام کے مطابق صورتحال ہنگامی نہیں ہے، تاہم وائرس سے مکمل طور پر نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب جنوبی کوریامیں کورونا وائرس کے 50ہزار 568نئے کیس سامنے آگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئے کیسوں کی یہ تعداد 24گھنٹے کے دوران ریکارڈ کی گئی ہے۔ ادھر برازیل میں بھی 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 19ہزار 916 نئے کیس سامنے آگئے۔ وزارت صحت نے جمعہ کے روز بتایا کہ 24 گھنٹوں میں 114 اموات ریکارڈ کی گئیں۔