لاہور: وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت پر اتحادیوں سے مشاورت کر رہے ہیں ،ہم بجلی کے ریٹ مستقل رکھیں گے، عمران خان کی حکومت کی جانب سے روس سے تیل اور گیس خریدنے کا کوئی معاہدہ یا کاغذ موجود نہیں۔
لیسکو ہیڈکوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلی ترجیح صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ ہے۔ اپریل میں ہمارے سامنے بجلی کا بحران تھا ، مسلم لیگ(ن)نے جب پچھلی حکومت مکمل کی اس وقت وافر بجلی موجود تھی، ہمیں اب حکومت ملی تو 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری تھی، یہ بحران چار سال کی بد انتظامی اور عمرانیہ عذاب تھا، اب ہم بحران پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ جہاں لائن لاسز کم ہیں وہاں لوڈشیڈنگ صفر ہے، لاہور میں لوڈشیدنگ صفر ہے ۔انہوں نے کہا کہ 7 ہزار میگاواٹ کی صلاحیت بند پڑی تھی، عمرانی حکومت نے وقت پر ڈیزل، گیس، کوئلہ نہیں خریدا تھا، اس وقت گردشی قرضے 2400 ارب روپے ہیں، اگر عالمی منڈی میں قیمتیں رک جائیں تو اسے حل کرلیں گے۔