جاپان نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے کل فائر کئے گئے میزائل قومی اقتصادی زون کی سرحدوں سے باہر بحیرہ جاپان میں گرے ہیں۔
امریکہ کے صدر جو بائیڈن کے 20 تا 24 مئی کو متوقع دورہ جنوبی کوریا سے قبل شمالی کوریا کے میزائل تجربات علاقائی ممالک میں اندیشوں کا سبب بن رہے ہیں۔
جاپان کے وزیر دفاع ‘کیشی نوبو’ نے کہا ہے کہ کل شمالی کوریا نے 3 میزائل فائر کئے جو جاپان قومی اقتصادی زون سے باہر گِرے ہیں۔
کیشی نے کہا ہے کہ مذکورہ میزائل شمالی کوریا کے مغربی ساحلوں سے فائر کئے گئے اور اندازاً 100 کلو میٹر کی بلندی پر اور 350 کلو میٹر کی مسافت پر گرے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ میزائل فائر قطعی طور پر ناقابل قبول ہیں۔ شمالی کوریا کی یہ کاروائی ہمارے ملک کے امن و استحکام کے لئے خطرہ ہے۔
‘کیشی نوبو ‘نے کہا ہے کہ بحیرہ جاپان میں میزائل گرنے کے مقام کی تحقیقات کے دوران علاقے میں موجود بحری جہازوں یا طیاروں میں کسی نقصان کی نشاندہی نہیں ہوئی۔
میزائل فائر کی وجہ سے جاپان کے بیجنگ سفارت خانے کے ذریعے شمالی کوریا کو احتجاجی نوٹس دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سال 2022 کے آغاز سے اب تک شمالی کوریا کے میزائل تجربات کی تعداد 15 تک پہنچ چکی ہے۔