کراچی:صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ملک کے لئے سیکیورٹی تھریٹ ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ عمران خان لوگوں کو اکسا رہے ہیں اور سب کو غداری کا سرٹیفکیٹ بانٹ رہے ہیں۔انہوں نے مزیدکہا
کہ جو عمران خان کی نااہلی پر بات کرے گا وہ غدار ہے۔انہوںنے کہا کہ عمران ماضی میں مودی کا ایجنٹ رہے، بش کی فتح پر نوافل ادا کیے، وہ قوم کا مجرم ہے، جس نے معیشت اور معاشرت تباہ کردی، لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ عمران ملک کے لیے خطرہ ہے۔سعید غنی نے کہا کہ کئی بار اسٹیبلشمنٹ سے اختلاف رہا،
مگر نازیبا الفاظ استعمال نہیں کیے، عمران کو سیاست کرنی ہے تو سیاسی انداز سے کرے، حلیم عادل کے کرتوت سب کو پتا ہیں۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کے اکثر کیسز حل کیے گئے ہیں، صدر اور جامعہ کراچی واقعات کے ذمہ داروں تک بھی پہنچ جائیں گے، جامعہ میں سیکیورٹی اقدامات کرنے پڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے خواتین کے ساتھ نرمی تھی، خاتون کے ملوث ہونے کے بعد اب سب کو یکساں ٹریٹ کررہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے عوامی مارچ شروع کیا،عدم اعتماد کے بعد حکومت ختم ہوئی۔سعید غنی نے کہا کہ اتوار کوکراچی ایئرپورٹ ٹرمینل نمبر 1 پر بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کریں گے۔